ڈانڈیلی :13؍اپریل (ایس اؤ نیوز )ریاست کے مختلف مقامات پر بائک چوری کرنےوالے عادی مجرموں کو ڈانڈیلی پولس نے گرفتار کرتےہوئے 17بائک ضبط کرلینے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
گرفتار شدہ تین ملزموں کی شناخت ڈانڈیلی کوگیل کے مکین شاہ نواز شبیر احمد ،پرانی ڈانڈیلی کے ارشاد جعفر صاحب چودھری ، پٹیل نگر کے مشتاق احمد مکتوم صاحب مولی منی کے طورپر کی گئی ہے۔ ہوایوں کہ جب ڈانڈیلی پولس انتخابات کے پیش نظر سواریوں کی چکننگ کررہی تھی تو اسی دوران پولس کو ایک بائک پر شبہ ہوا۔ مشکوک بائک ضبط کرکے متعلقہ افراد سے پولس پوچھ تاچھ کی تو پتہ چلا کہ بائک چوری کا ایک پورا جال ہے جو مختلف مقامات پر بائک چوری کی وارداتوں کو انجام دیتاہے۔ ذرائع کے مطابق ملزموں نے ڈانڈیلی ، ہبلی ، دھارواڑ، کتور، وجئے پورا، بائیل ہونگل ،میرج ، کھانا پور، بیلگام، سوندتی ، ہاویری میں چور ی کی وارداتیں انجام دی ہیں۔ اسی طرح ملزموں کے تعلق سے شبہ جتایاگیا ہے کہ ان کے رابطے پڑوسی ریاستوں سے بھی ہوسکتےہیں۔ کیونکہ ملزموں نے جعلی دستاویزات تیارکرکے چوری کردہ بائک کو فروخت کیا ہے۔
وہیں عوامی سطح پر پولس کے رویے کو لےکر بھی حیرت کا اظہار کیا جارہاہے کہ ملزمان شہری پولس تھانے میں موجود ہونے کے باوجود پولس نے اخبارنویسوں کو تصویر لینے سے کیوں روکا۔ ملزموں کے تعلق سے اپنائے گئے رویہ کو لےکر عوامی سطح پر پولس کے متعلق کئی شکوک جنم لے رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متعلقہ کارروائی ضلع ایس پی کی رہنمائی میں ڈی وائی ایس پی نے اپنے عملے کے ساتھ انجام دی ہے ۔